ڈاکٹر آصف محمود جاہ
چھوٹی عمر کے بچوں میں قبض کی تکلیف عام ہوتی ہے۔اگر تکلیف زیادہ دیر تک رہے، تو اس کا علاج مشکل ہو جاتا ہے۔ پھول سے نازک بچے اس سے کملا جاتے ہیں اور مختلف قسم کی دوائوں کے استعمال کا خاص فائدہ نہیں ہوتا۔ قبض کے لیے استعمال ہونے والی مشہور دوائیں درج ذیل ہیں: ڈوفالیک سیرپ(Duphalac) ملک آف میگینشیا(Milk of Magnesia) سکی لیکس ڈراپس(Skilax Drops) ہومیو پیتھک اور حکیمی دوائیں۔ اسپغول کا چھلکا۔ مضراثرات:٭ پیٹ میں درد اور ہوا سے اپھارا ہونا۔ ٭ پتلے پاخانے ٭ دوا سے الرجی احتیاط:٭ چھوٹے بچوں میں قبض دُور کرنے والی دوا ہمیشہ ڈاکٹر کے مشورہ سے استعمال کریں۔ ٭ قبض دُور کرنے والی دوا لمبی مدت تک استعمال کرنے سے دوا کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ دوا کی نوعیت اور ضرورت کی اہمیت:چھوٹے بچوں میں قبض بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اسی وجہ سے چھوٹے بچے کملا جاتے ہیں اور سخت تکلیف میں مبتلا رہتے ہیں اور اس سے ان کی نشوونما پر بھی اثر پڑتا ہے۔ 2سے5سال تک بچوں میں قبض کا علاج کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ مختلف قسم کی قبض کشا دوائیں بھی کارگر ثابت نہیں ہوتیں۔ جوں جوں تکلیف پرانی ہوتی جاتی ہے، تو بھی اس کا علاج مشکل ہوتا جاتا ہے۔ لمبے عرصے تک قبض دور کرنے والی دوائیں استعمال کرنے سے بعض دوسری پیچیدہ گیاں پیداہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ آسان اور متبادل علاج:چھوٹے بچوں میں قبض کے علاج کے لیے مندرجہ ذیل آسان ہدایات پر عمل کریں: ٭ سب سے پہلے اس بات کی تسلی کر لیں کہ قبض کی تکلیف کسی اندرونی بیماری کی وجہ سے تو نہیں تا کہ اس کا بروقت علاج کیا جا سکے۔ قبض دور کرنے والی مختلف دوائیں استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کر لیں۔ ٭ بچے کی خوراک کا خاص خیال رکھیں، جو بچے زیادہ تر دودھ، چاکلیٹ، بسکٹ، آلو کے چپس، آئس کریم وغیرہ پر انحصار کرتے ہیں اور اس کے علاوہ کچھ نہیں کھاتے، ان میں قبض ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ اس لیے قبض کے علاج میں سب سے بنیادی بات بچے کی خوراک میں تبدیلی ہے۔ اس کے لیے مندرجہ ذیل باتوں پر عمل کریں: ٭ 2 سال سے زیادہ عمر کے جن بچوں کو دائمی قبض ہو، انہیں دودھ کم دیں اور ریشہ دار غذائیں مثلاً بریڈ، سبزیاں (کھیرا وغیرہ) روٹی، ساگودانہ وغیرہ زیادہ دیں۔ ٭دیسی گھی کا پراٹھا بنا کر گڑ یا شکر کے ساتھ روزانہ کھلائیں۔ ٭ روغن بادام روزانہ دو چمچ صبح شام دیں۔ ٭ اسپغول کا چھلکا دودھ یا دہی میں ملاکر صبح شام دیں۔ ٭ کوئی اور دوا یا غذا کارگر نہ ہونے کی صورت زیتون کا تیل دو چمچ صبح ، شام دینے سے افاقہ ہو جاتا ہے، لیکن اس کا باقاعدہ استعمال قریباً 2ماہ تک ضروری ہے۔ ٭ قبض کے دوران بچے کی غذا کا خاص خیال رکھیں۔ ہر دفعہ پا خانہ آنے کے بعد حوصلہ افزائی کریں اور کوئی نہ کوئی انعام دیں تا کہ وہ شعوری طور پر باتھ روم جا کر فارغ ہونے کی کوشش کرے۔ (دوا، غذا اور شفاء سے مقتبس)
Bookmarks