زرتاشیہ میر
بند سنک:کچن میں برتن دھوتے ہوئے اکثر دیکھا ہے کہ سنک میں پانی جمع ہو جاتا ہے اور نالی میں تنکے ڈال کر لوگ پانی نکالتے ہیں۔ ہوتا یوں ہے کہ سبزیاں، گوشت اور چکنے برتن دھوتے ہوئے بہت سے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے نالی کے اندر جا کر اسے تنگ کر دیتے ہیں۔ اس کا آسان اور آزمودہ ٹوٹکا یہ ہے کہ کپڑے دھونے والا سوڈا جو بہت ہی سستا مل جاتا ہے، وہ ایک بڑا چمچہ بھر کر نالی کے سوراخوں کے اوپر رکھیں اور کیتلی میں پانی اُبال کر ابلتے ہوئے پانی کو سوڈے پر ڈالیں۔ تمام نالی صاف ہو جائے گی اور سنک میں برتن دھوتے ہوئے پانی جمع نہیں ہو گا۔دوسرا ٹوٹکا اسی مقصد کے لیے یہ ہے کہ ایک پیالی سرکہ نالی میں ڈالیں اور پھر اوپر سے کھولتا ہوا پانی ڈالیں، مگر سرکہ مہنگا ہوتا ہے، لہٰذا سوڈے جیسی سستی شے سے یہ کام کرنا زیادہ بہتر ہے۔ گھر میں ہمیشہ پائو یا آدھ کلو کپڑے دھونے والا سوڈا منگوا کر رکھیں۔ کئی ٹوٹکوں میں یہ استعمال ہو گا، بہت معمولی قیمت میں مل جاتا ہے۔ جار اور بوتلوں سے بُو:جار یا بوتلیں کچھ عرصہ خالی رکھی رہیں ،تو بو آنے لگتی ہے۔ اگر ایسا ہو تو ان میں پانی ڈال کر تھوڑا سا بیکنگ سوڈا ڈال دیں اور پھر چند گھنٹے رکھا رہنے دیں،پھر یہ پانی گرا کرگرم پانی اور واشنگ پاؤڈر سے دھو لیں، نہ صرف بو دور ہو جائے گی بلکہ بوتلیں چمک اٹھیں گی۔ اب ان میں کوئی بھی چیز ڈال لیں۔دوسرا ٹوٹکا یہ ہے کہ خالی بوتلوں پر ڈھکن بند کر کے نہ رکھیں تو پھر بو نہیں پڑتی ،ہوا لگتی رہتی ہے اور یوں وہ ٹھیک رہتی ہیں۔ جلا ہوا سالن اور دیگچی:کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ سالن اتنی بری طرح جل جاتا ہے کہ سالن کے نقصان کے ساتھ ساتھ جلی ہوئی دیگچی کو دھونا بھی مسئلہ نظر آتا ہے۔ایسی صورت میں ایک آسان ٹوٹکا ہے، جو بار ہا آزمایا بھی ہوا ہے۔ وہ اس طرح کہ جلی ہوئی دیگچی میں پانی ڈا ل کر چولہے پر رکھیں اور ساتھ دو تین چائے کے چمچ نمک ڈال دیں۔ چند ابال آنے پر اتار لیں اور پانی گرا دیں۔ تمام جلے ہوئے ذرات نرم ہو کر اتر چکے ہوں گے۔ اب وم وغیرہ سے مانجھ لیں بالکل صاف ستھری ہو جائے گی۔دوسرا ٹوٹکا یوں ہے کہ جلی ہوئی دیگچی میں پانی ڈال کر چولہے پر رکھیں اور ساتھ ہی ایک پیاز ڈال دیں چند ابال آنے پر اتار کر دھو لیں۔ جلا ہوا سالن:سالن تھوڑا سا بھی جل جائے ،تو پورے سالن میں بو پڑ جاتی ہے۔ اگر کبھی ایسا ہو، تو جس دیگچی میں سالن جلا تھا ،اس میں سے نکال کر صاف دیگچی میں ڈالیں اور پھر سالن کی مقدار کی مناسبت سے تھوڑا سادودھ ڈال دیں، تمام بو ختم ہو جائے گی یہ ٹوٹکا بھی آزمودہ ہے۔ ٭…٭…٭
Bookmarks