ڈاکٹر آصف محمود جاہ
خون کی نالیوں میں کولسٹرول کے پڑھنے سے دل کے امراض جنم لیتے ہیں۔ کولیسٹرول کم کرنے کیلئے کئی قسم کی دوائیں استعمال ہوتی ہیں جن میں سے چند مشہور دوائیں درج ذیل ہیں: لوکول (Locol)، ویسٹن (Vastin)، سروائیو (Survive) مضراثرات:٭جلد پردانے، ٭ متلی، پیٹ میں درد، قبض، ڈائریا، ٭ سردرد، اونگھ، ٭ جگر کی خرابی، ٭ پٹھوں میں درد اور کمزوری۔ احتیاط:٭ جگر کے امراض میں استعمال نہ کریں۔ ٭ حاملہ عورتوں اور دودھ پلانے والی مائوں کو ایسی دوائوں کا استعمال ممنوع ہے۔ ٭ اگر دوا شروع کرنے کے بعد پٹھوں میں کمزوری اور درد ہونا شروع ہو جائے تو دوا بند کر دیں۔ دوا کی نوعیت اور ضرورت کی اہمیت:مرغن اور چٹ پٹی غذائیں اور چلنے پھرنے، سیر کرنے یا ورزش سے مکمل بے اعتنائی کی صورت میں مختلف قسم کے مرض جنم لیتے ہیں جن میں خون میں کولیسٹرول کی مقدار کا زیادہ ہونا ہے۔ ایسے مریض، جن میں مجموعی کولیسٹرول اور LDL کولیسٹرول کی زیادتی ہو، وہ کولیسٹرول کم کرنے والی گولیاں استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کیا جائے کیونکہ کولیسٹرول کم کرنے والی گولیوں کے اپنے مضر اثرات ہوتے ہیں۔ اس لیے سب سے پہلے مریض کا معائنہ اور مختلف ٹیسٹ کروانا ضروری ہوتا ہے۔ کولیسٹرول کم کرنے والی گولیاں خاصی مہنگی ہوتی ہیں۔ مقامی کمپنی کی بنی ہوئی دوا استعمال کی جائے تو یہ نسبتاً سستی ہیں اور اثر کے لحاظ سے دونوں میں کوئی خاص فرق نہیں ہوتا۔ آسان اور متبادل علاج: کولیسٹرول کی زیادتی دل کی بے شمار بیماریوں کو جنم دیتی ہے۔ کولیسٹرول کا زیادہ ہونا آج کل کے طرز زندگی کی زحمتوں میں سے ایک ہے۔ ہر قسم کی خوراک کا بے وقت اور بے دریغ استعمال اور کسی قسم کی سیر اور ورزش سے دوری کی وجہ سے کولیسٹرول لیول خون میں بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے کسی بھی وقت دل کے دورے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ دوائیوں کے بغیر کولیسٹرول کم کرنے کے لیے مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کریں: ٭ انڈے کھانے بالکل چھوڑ دیں۔ انڈے کی سفیدی لی جا سکتی ہے۔٭ گوشت کا استعمال کم کر دیں۔ چربی والے گوشت سے بالکل پرہیز کریں۔ ٭ مکھن، پنیر، کریم والا دودھ اور دیسی گھی کا استعمال چھوڑ دیں۔٭ گردے، کپورے، کلیجی، مغز، سری پائے، نہاری وغیرہ بالکل نہ کھائیں۔ ٭ سبز پتوں والی تازہ سبزیاں اور تازہ پھل، جن میں کولیسٹرول بالکل نہیں ہوتا، کا زیادہ استعمال کریں۔ ٭ ناشتے میں لہسن اور کچی گاجروں کا باقاعدہ استعمال کریں۔ اس سے کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔ ٭ ہر قسم کے گھی سے مکمل پرہیز کریں۔ سویابین کا خوردنی تیل فائدہ مند ہے۔ اگر ہو سکے تو زیتون کا تیل استعمال کریں۔ ٭ اسپغول کے پودے کے بیچوں کا تیل، دن میں دو مرتبہ چمچہ بھر کر نوش کر لیا جائے تو کولیسٹرول کی سطح نارمل ہو جاتی ہے۔ ٭ Licithin کے استعمال سے کولیسٹرول شریانوں اور وریدوں کی دیواروں میں نہیں جمتا۔ سویابین، سبز اناج، انڈے کی سفیدی، ویجیٹیبل آئل اور Unpasturised دودھ Licithin سے بھر پور ہیں۔ اس لیے ان کا زیادہ استعمال کریں۔٭ وٹامن Eخون میں Licithinکو بڑھاتا ہے، جس کی وجہ سے خون میں کولیسٹرول کا لیول کم ہو جاتا ہے۔٭ ریشہ دار غذائیں زیادہ استعمال کریں۔ ٭ سگریٹ نوشی اور شراب نوشی سے پرہیز کریں۔٭ اللہ پر پورا یقین رکھیں۔ مثبت سوچ رکھیں۔ یہ بات ذہن نشین کریں کہ یقین کامل اور مثبت سوچ کے ساتھ آپ ہر قسم کے مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔٭ ہمیشہ بھوک رکھ کر کھنا کھائیں۔ خاص کر سونے سے پہلے بالکل ہلکی خوراک لیں۔٭ روزانہ کی سیر اور ورزش کو معمول بنائیں۔
Bookmarks