مسمی، ایک صحت بخش غذا
ڈاکٹر محمد رشید
سندھی: موسمبھی انگریزی: Sweet Orange مسمی کا رنگ پختہ حالت میں زرد سرخی مائل ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ شیریں اور مزاج سردتر ہے۔ موسم سرما کا بہترین تحفہ ہے۔ اس کی مقدار خوراک چار سے چھ عدد ہے، اس کے حسب ذیل فوائد ہیں۔ مسمی کے فوائد: 1۔ مسمی زود ہضم اور طاقت بخش پھل ہے۔ 2۔ یہ خون پیداکرتی ہے۔ 3۔ ملیریا بخار، سل اور تپ دق میں بے حد مفید ہے۔ 4۔ مسمی میں 80 فیصد پانی اور 20 فیصد تک گوشت بنانے والے روغنی اور نشاستہ دار اجزاء کے ساتھ ساتھ سوڈیم، فاسفورس اور پوٹاشیم کی آمیزش ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن اے، بی اور دپائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔ 5۔ یہ قبض کشا ہے۔ 6۔ معدے کی تیزابیت کو دور کرنے کے لئے یہ قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔ 7۔ صبح نہار منہ چار عدد مسمیاں کھانے سے بڑھا ہوا پیٹ کم ہو جاتا ہے بشرطیکہ یہ عمل تین ہفتے تک جاری رہے۔ 8۔ معدے کی جلن میں مسمی کا استعمال بہترین رہتا ہے۔ 9۔ مسمی کے استعمال سے خون کی تیزابیت دور ہو جاتی ہے۔ 10۔ پھوڑے، پھنسیاں اور خارش والے مریض چھ عدد مسمیاں روز کھا کر اس موذی مرض سے نجات حاصل کر سکتے ہیں، کم از کم یہ عمل دس روز تک جاری رکھنا ہوگا۔ 11 ۔ یورک ایسڈ کی زیادتی کے باعث جوڑوں میں درد اور سوجن ہو جانے کی صورت میں سورنجاں شیریں اور سفید زیرہ ہم وزن لے کر سفوف بنائیں، یہ سفوف چھ ماشہ( آدھ چمچہ چائے والا) ہمراہ دودھ صبح بطور ناشتہ لیںاور شام کے وقت تقریباً چار بجے دو گلاس مسمی کا جوس پی لیں۔ چند روز میں ہی صحت بحال ہو جائے گی۔ 12۔ مسمی کے بیج اور ز رد چھلکا ہم وزن لے کر عرق گلاب میں بانس کی لکڑی سے دو روز تک کھرل کر کے سرمہ بنا لیں۔ اس سرمے کو رات سوتے وقت آنکھوں میں دو دو سلائیاں لگانے سے جالا، دھند دور ہو جاتا ہے اور نظر تیز ہو جاتی ہے۔ 13۔ مسمی کے موٹے زرد چھلکے کو خشک کر کے جلا لیں، اس کی راکھ میں شہد ملا کر چاٹنے سے کھانسی دور ہو جاتی ہے۔ 14۔ اسی طرح تین ماشے مذکورہ راکھ ایک تولہ شہد یا شربت بنفشہ میں ملا کر بار بار چٹانے سے گلے کی خرابی، کھانسی فوراً ٹھیک ہو جاتی ہے۔ اور بلغم خارج ہو جاتی ہے۔ 15۔ مسمی کے استعمال سے جسم میں بیماریوں سے بچنے کی قوت مدافعت پیدا ہو تی ہے۔
Bookmarks