فاروق ستار کا اسحاق ڈار سے رابطہ ،استعفوں کی واپسی کے لیے پانچ مطالبات پیش کر دیئے




اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار سے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے ملاقات کی جس میں فاروق ستار نے حالیہ صورتحال میں اسحاق ڈار کو ایم کیو ایم کے تحفظات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کو ٹارگٹ کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ۔ آپریشن کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی کیوں نہیں بنائی جاتی؟ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے ، ایم کیو ایم پریشان نہ ہو ، متحدہ کا پارلیمانی کردار خود اس کے بہترین مفاد میں ہے ، ایوان میں آئیں۔ اس پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ استعفوں کی واپسی کا فیصلہ الطاف حسین کریں گے ۔ ایم کیو ایم نے استعفوں کی واپسی کے لیے حکومت کو اپنی شرائط سے آگاہ بھی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے حکومت کے سامنے فوری منظور کرنے کے لیے پانچ اہم مطالبات رکھ دیئے ہیں۔ پہلا: الطاف حسین کا خطاب ٹی وی پر نشر نہ کرنے کی پابندی ختم کرنا دوسرا: کراچی آپریشن کی نگرانی کے لیے فوری طور پر کمیٹی قائم کرنا تیسرا : رینجرز آپریشن کو غیر جانبدار بنانا چوتھا: حراست میں لیے گئے افراد کو فوری طور پر عدالتوں میں پیش کرنا پانچواں: لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کرنا ہے


Similar Threads: