
ماریہ عزیز
وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہوئے ہمیشہ ایک مسئلے کا سامنا رہتا ہے کہ کسی کمرے میں تو اس کے سگنلز بہترین آرہے ہوتے ہیں جب کہ دوسرے میں بالکل کمزور۔ اس کے علاوہ دن کے مختلف اوقات میں سگنلز بھی مختلف انداز میں ملتے ہیں۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ کس طرح اس مسئلے کو ٹھیک کیا جا سکتا ہے تاکہ پورے گھر میں بہتر سروس مل سکے اور آپ بغیر کسی پریشانی کے انٹرنیٹ استعمال کر سکیں۔ بہت سی چیزیں ہیں جو وائی فائی کی رفتار پر اثر انداز ہوتی ہیں مثلاً موٹی دیواریں، فرنیچر، پاور کیبلز اور دیگر الیکٹریکل ڈیوائسز خاص کر مائیکرویووز۔ اس لیے سب سے پہلے تو یہ چیک کرنے کی ضرورت ہے کہ مختلف جگہوں پر انٹرنیٹ کی کیا اسپیڈ مل رہی ہے۔ اس لیے اپنے فون یا ٹیبلٹ پر اسپیڈ ٹیسٹ کی ایپلی کیشن انسٹال کریں، یا لیپ ٹاپ پر اس کا ویب ورژن بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ذریعے اپنے انٹرنیٹ کی رفتار کا جائزہ لیں۔ اس ٹیسٹ میں آپ کو ٹائم بتایا جائے گا، یعنی ایک ویب سائٹ تک آپ کا کنکشن کتنی دیر میں پہنچتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ کی ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ اسپیڈ کیا ہے۔ اسمارٹ فون پر اس ایپ کو انسٹال کرنے سے یہ سہولت ملے گی کہ آپ انٹرنیٹ کی رفتار کو گھر کے مختلف حصوں میں ٹیسٹ کر سکیں گے۔ یہ بہت ضروری ہے، کیونکہ مکمل گھر میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ ایک جیسی ملنا ممکن نہیں۔ بلکہ ایک ہی جگہ دو بار بھی انٹرنیٹ کی اسپیڈ چیک کرنی پڑتی ہے، کیونکہ دن کے مختلف اوقات میں انٹرنیٹ کی مختلف اسپیڈ ملتی ہے۔ اس کے علاوہ مائیکرویوو اور دیگر الیکٹریکل ڈیوائسزکے پاس جا کر بھی اسپیڈ چیک کریں۔ کوئی بھی ایسی ڈیوائس جس میں موٹر موجود ہو، وائی فائی کی رفتار پر اثر انداز ہوتی ہے۔اسپیڈ ٹیسٹ ویب سائٹ پر انٹرنیٹ کی اسپیڈ کا نتیجہ بطور تصویر محفوظ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کی ویب سائٹ سے بھی انٹرنیٹ اسپیڈ جانچی جا سکتی ہے اور اینڈروئیڈ ایپ بھی انسٹال کی جا سکتی ہے۔ دراصل ان ٹیسٹوں کا مقصد پہلے یہ تصدیق کرنا ہے کہ آیا وائی فائی واقعتاسست رفتاری کا شکار ہے یا آپ غلط جگہ پر بیٹھتے ہیں یا راؤٹر غلط جگہ پر رکھا گیا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کسی جگہ یا راؤٹر کے کہیں قریب ٹیسٹ چلائیں اور بہت اچھا نتیجہ سامنے آئے۔ تو اس کا مطلب ہے کہ وائی فائی سست نہیں، آپ اس سے بہت دْور بیٹھتے ہیں۔ وائی فائی کے سگنلز کو بہتر بنانے کے لیے وائی فائی سونار ایپلی کیشن مفت دستیاب ہے۔ سگنلز کا معیار بہتر بنانے کے لیے اس میں چند لیکن اہم ٹولز موجود ہیں۔ سب سے پہلے تو یہ چیک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ کہاں سگنلز اچھے آرہے ہیں۔ اس کے لیے ایپ انسٹال کر کے چلائیں اور نیٹ ورکس لسٹ میں سے اپنا نیٹ ورک منتخب کر لیں۔ آپ کے آس پڑوس کے نیٹ ورکس بھی اس کی لسٹ میں آرہے ہوں گے۔ اپنا نیٹ ورک منتخب کر کے فون کو لے کر ایک جگہ سے دوسری جگہ جائیں۔ جیسے جیسے آپ حرکت کریں گے اس ایپلی کیشن کی Beep کی آواز بڑھتی یا کم ہوتی جائے گی۔ اگر آواز اونچی ہو رہی ہے تو اس کا مطلب ہے یہاں سگنلز بہت طاقت ور ہیں اور جہاں آواز مدھم ہوتی جائے وہاں سمجھ جائیں کہ سگنلز بہت کمزور آرہے ہیں۔ یہ بات بھی یقینی بنائیں کہ آپ کا وائی فائی اسی چینل پر براڈکاسٹنگ نہ کر رہا ہو جس پر کوئی دوسرا قریبی وائی فائی براڈکاسٹنگ کر رہا ہو۔ وائی فائی سونار کی مدد سے آپ تمام نیٹ ورکس کے چینل دیکھ کر کسی دوسرے خالی چینل پر منتقل ہو سکتے ہیں۔ زیادہ تر راؤٹرز میں گیارہ چینلز موجود ہوتے ہیں۔ چینل بدلنے کے لیے راؤٹر کا ویب ایکسس لیں۔ یہاں دیکھیں کہ کون سا چینل منتخب ہے، وائی فائی سونار جن چینلز کو استعمال کرنے کا مشورہ دے اس میں سے کوئی چینل منتخب کر لیں۔ بہترین پرفارمنس کے لیے چینل میں آٹو کا آپشن بھی منتخب کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح راؤٹر خود ہی بہترین چینل کا انتخاب کر لیتا ہے۔ ٭٭٭
Similar Threads:
Bookmarks