کامیابی کے لیے مفاہمت ضروری ہے






بحث مباحثے یا دلائل میں الجھنا آسان ہے، لیکن بحث مباحثے اور دلائل سے نکلنا بہت مشکل ہے۔اسی طرح تلخی پیدا کیے بغیر دلائل میں الجھنا ناممکن ہے۔اختلاف رائے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ اختلاف کیا جائے۔ اور رضا مندی کا آسان طریقہ یہ ہے کہ رضامند ہو جائیں۔ اس تحریر کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ آپ کو یہ بتایا جائے کہ زندگی میں کامیابی کے لیے مفاہمت اور مصالحت کی کیا اہمیت ہے؟ اور جو شخص مفاہمت یا مصالحت کو نظرانداز کر دیتا ہے وہ اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔اگر آپ بھی اپنے مقاصد میں کامیابی کے خواہش مند ہیں تو مفاہمت کا رویہ اختیار کریں اور ہمیشہ مفاہمت کی کوشش کریں۔ سب سے پہلا سبق یہ ہے کہ بحث مباحثے میں حصہ نہ لیں۔ لڑائی جھگڑے سے ہمیشہ دور رہیے۔ بحث مباحثے میں الجھے ہوئے دونوں فریقوں میں سے کسی ایک کی بھی طرف داری نہ کریں، حتیٰ کہ آپ اس فریق کی بھی طرف داری نہ کریں جسے آپ درست سمجھتے ہوں۔ کیوں ہر دو صورتوں میں نقصان آپ ہی کا ہوگا۔ اس موقعے پر سب سے اچھی پالیسی یا حکمتِ عملی یہ ہے کہ آپ خاموش تماشائی بنے رہیں۔ آپ کا یہ رویہ فریقین کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ دانش مندوں کے نزدیک یہ رویہ مفاہمت کی طرف پہلا قدم کہلاتا ہے۔ بحث مباحثے یا دلائل کے دوران خاموش رہنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنی رائے کا اظہار نہ کریں اور نہ ہی اپنی حیثیت کی اہمیت جتائیں۔آپ کا یہ رویہ آپ کو دلائل یا بحث مباحثے کے بھنور سے محفوظ رکھے گا۔ ایک اور بات جسے دھیان میں رکھنا ضروری ہے اور وہ یہ کہ آپ اپنی رائے کا اظہار کسی سے نہ کریں، کیوں کہ خاموشی میں عافیت ہے۔ ایک پرانی پرشین (فارسی) کہاوت ہے۔ کم گوئی ندامت سے محفوظ رکھتی ہے۔ مخاصحانہ حالات میں کچھ کہنا آبیل مجھے مار کے مترادف ہے۔ اور آگر آپ سے یہ پوچھا جائے کہ آپ کی کیا رائے ہے؟ تو اس کے جواب میں آپ کو یہ کہنا چاہیے۔ شکریہ! اگر آپ ناراض نہ ہوں تو براہِ کرم آپ یہ بتایئے کہ آپ اس مسئلے میں کیا کہنا چاہتے ہیں؟ آپ کی کامیابی اس میں ہے کہ آپ پہلے دوسرے شخص کو اپنی رائے کا اظہا رکرنے دیں۔ یعنی بڑے نرم لہجے میں اس سے اس کی رائے جاننے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کا کام آسان ہو جائے گا۔ کیوں کہ جب آپ دوسرے رفیق کو اہمیت دیتے ہیں تو آپ کے متعلق اس کا رویہ ہمدردانہ ہو جاتاہے۔ اگر آپ دوسرے فریق کے ساتھ متفق ہوتے ہیں تو پوری طرح اس کی رائے سے اتفاق کیجیے اور زندہ دلی اور جوش و جذبے کا اظہار کیجیے۔ اپنی رائے کو پورے حقائق کے ساتھ ظاہر کیجیے۔ اگر آپ یہ محسوس کرتے ہیں کہ آپ دوسرے فریق سے پوری طرح متفق نہیں ہیں تو اپنے رویے کو حتی الامکان ہمدردانہ اور مخلصانہ رکھیں۔ کسی بھی لمحے اپنی برتری یا غرور کا اظہار نہ کریں۔ آخر میں ، میں آپ سے یہی کہوں گا کہ زندگی سمجھوتے اور مفاہمت کا نام ہے۔ اگر آپ دولت مند بننے کے خواہش مند ہیں تو مفاہمت اور مصالحت کی اہمیت کو کبھی نظرانداز نہ کریں۔ (ایم- آر- کوپ میئر کی تصنیف آپ چاہیں ،تو امیر بن سکتے ہیں سے مقتبس) ٭٭٭


Similar Threads: