دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے؟
دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے؟ |
آخر اس درد کی دوا کیا ہے؟ |
ہم ہیں مشتاق اور وہ بےزار |
یا الہی یہ ماجرا کیا ہے؟ |
میں بھی منہ میں زبان رکھتا ہوں |
کاش پوچھو کہ مدّعا کیا ہے |
جب کہ تجھ بن نہیں کوئی موجود |
پھر یہ ہنگامہ اے خدا کیا ہے؟ |
یہ پری چہرہ لوگ کیسے ہیں؟ |
غمزہ و عشوہ و ادا کیا ہے؟ |
شکنِ زلفِ عنبریں کیوں ہے |
نگہِ چشمِ سرمہ سا کیا ہے؟ |
سبزہ و گل کہاں سے آئے ہیں؟ |
ابر کیا چیز ہے؟ ہوا کیا ہے؟ |
ہم کو ان سے وفا کی ہے امّید |
جو نہیں جانتے وفا کیا ہے؟ |
ہاں بھلا کر ترا بھلا ہوگا |
اَور درویش کی صدا کیا ہے؟ |
جان تم پر نثار کرتا ہوں |
میں نہیں جانتا دعا کیا ہے؟ |
میں نے مانا کہ کچھ نہیں غالبؔ |
مفت ہاتھ آئے تو برا کیا ہے
Mirza Ghalib
|
Re: دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے؟
Re: دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے؟
one of my fav
3nx 4 sharing