چھ میجر جنرلز کی ترقیاں ، لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نئے ڈی جی آئی ایس آئی مقرر


راولپنڈی (دنیا نیوز)پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی، سابق ڈی جی رینجرز سندھ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کر دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے جن افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے ان میں میجر جنرل رضوان اختر ، میجر جنرل ہلال حسین ، میجر جنرل غیور محمود ، میجر جنرل نذیر بٹ ، میجر جنرل نوید مختار اور میجر جنرل ہدایت الرحمان شامل ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو کور کمانڈر کراچی ، لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ آئی جی سی اینڈ آئی ٹی، لیفٹیننٹ جنرل ہلال حسین کور کمانڈر منگلا، لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان کور کمانڈر پشاور اور لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا ہے ۔ آئندہ چند ماہ کے دوران پاک فوج کے کئی لیفٹیننٹ جنرلز ریٹائر ہو رہے ہیں جن میں آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام بھی شامل ہیں۔ آئی ایس آئی کے نئے سربراہ حال ہی میں ڈی جی رینجرز سندھ کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔



Similar Threads: