ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں اسکاٹ لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 5 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنانے کے ساتھ ساتھ آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ 2019 کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔
زمبابوے میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئی اور پہلے کھیلتے ہوئے پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 198 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ویسٹ انڈین اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 2 کے اسکور پر کرس گیل اور شے ہوپ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم ایون لوئس اور مارلن سیمیولز نے عمدہ بیٹنگ کر کے ٹیم کو تباہی سے بچایا، لوئس 66 اور سیموئلز 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سفیان شریف اور بریڈ ویلر نے 3، 3 اور لیسک نے 2 وکٹیں لیں۔
جواب میں اسکاٹش ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں 35.2 اوورز میں 5 وکٹوں پر 125 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد میچ مکمل نہ ہو سکا اور کالی آندھی کی ٹیم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 رنز سے کامیاب قرار پائی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مونسی 32، میک لیوڈ 21 اور بیرنگٹن 33 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
ویسٹ انڈیز کی فتح اور اسکاٹ لینڈ کے آئندہ سال ورلڈ کپ سے اخراج کی بڑی وجہ ناقص امپائرنگ بھی رہی جس کی وجہ سے اسکاٹش ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس فتح کے ساتھ ہی کالی آندھی نے نہ صرف ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا بلکہ آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے میں بھی جگہ بنا لی۔