پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ کے ناقابل شکست رہنے والی ٹیم کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی جو رواں ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز کی پہلی ناکامی ہے۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو انھیں جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف دیا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ہدف کے تعا قب میں اوپنر لیوک رونچی نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 71 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھ دی۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز بلے باز جے پی ڈومینی نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 43 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز حسین طلعت تھے جنھوں نے 8 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 153 رنز کا مطلوبہ ہدف 17 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور محمد عرفان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر لیوک رونچی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قبل ازیں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے سست روی کا مظاہرہ کیا اور ابتدائی 10 اوورز میں صرف 49 رنز تک محدود رہی۔
تاہم 10 ویں اوور کے بعد کراچی کنگز کے اوپنر خرم منظور اور دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بابر اعظم نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سینچریاں مکمل کی اور اسلام آباد کے لیے مشکلات کھڑی کردی تھیں۔
کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنا کر ایک اچھا ہدف دیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم 55 رنز بنا کر نمایاں رہے اور خرم منظور 51 رنز بنائے۔
محمد رضوان نے آؤٹ ہوئے بغیر 9 گیندوں پر جارحانہ 21 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلر فہیم اشرف نے 3 وکٹیں جبکہ حسین طلعت اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اننگ میں بابر اعظم اور خرم منظور کی 101 رنز کی پارٹنرشپ نے بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا دھچکا دیا تھا اور یہ پارٹنر شپ اس اننگ کی بہترین پارٹنر شپ ثابت ہوئی۔
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کراچی کنگز ابتدائی 4 میچوں میں ناقابل شکست تھی جہاں اس کو پہلے تین مچوں میں فتح حاصل ہوئی تھی تاہم ملتان سلطانز کے ساتھ ہونے والا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔
پی ایس ایل میں کراچی اور اسلام آباد یونائیٹڈ اس سے قبل 6 مرتبہ مدِ مقابل آئے تھے جن میں سے دونوں ٹیموں نے تین تین میچوں میں فتح حاصل کی تھی۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ 2016 کے ایونٹ میں دونوں ٹیمیں 3 مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور تینوں میچز اسلام آباد کے نام ہوئے جبکہ 2017 کے ایونٹ میں بھی دونوں ٹیمیں 3 مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور یہاں تینوں میچز میں کراچی کامیاب رہا۔
ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے گزشتہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور کو سُپر اوور میں شکست دے کر ایونٹ میں دوسری فتح حاصل کی تھی۔