پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا مقابلہ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کو پشاور زلمی کے چیلنج کا سامنا ہو گا۔دن کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور اپنے دونوں میچ جیت کر ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ملتان سلطانز نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کو پشاور زلمی کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو پہلے میچ میں کپتان مصباح الحق کی کمی شدت محسوس ہوئی تھی جو انجری کے سبب میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور اسلام آباد کی بیٹنگ پشاور کے خلاف بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی تھی۔تاحال مصباح الحق کی میچ میں شرکت کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کو امید ہے کہ مصباح فٹنس حاصل کر کے میچ میں شرکت کریں گے۔ملتان سلطانز کی ٹیم اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہیں اور ممکنہ طور پر گزشتہ میچ کی فاتح الیون کے ساتھ ہی میدان میں اتریں گے۔دن کا دوسرا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔کراچی کنگز نے اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کیا تھا جبکہ پشاور زلمی نے پہلے میچ میں شکست کے بعد شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو زیر کر کے شاندار طریقے سے ایونٹ میں واپسی کی تھی۔پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے جبکہ دوسرا رات نو بجے شروع ہو گا۔