PDA

View Full Version : ہڈیوں کا بھربھرا پن



intelligent086
11-26-2014, 08:31 AM
بہت سے لوگ یہ سوچتے ہیں کہ ہڈیاں جسم کا وہ حصہ ہیں جو جوانی سے بڑھاپے تک ہمیشہ مضبوط رہتی ہیں جبکہ حقیقت اسکے بالکل برعکس ہے۔ یعنی ہڈیاں ٹوٹتی اور بنتی رہتی ہیں ہمارے جسم میں یہ عمل ساری زندگی جاری رہتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کون سے ایسے خلیے ہیں جو ہڈیوں کو بناتے اور توڑتے ہیں آپ کو بتاتے چلیں کہ اوسٹیو کلاسٹ نامی خلیے ہڈیوں کو توڑتے ہیں ان ٹوٹی ہوئی ہڈیوں میں پرانے خلیے کی جگہ نئے خلیے بنتے ہیں جنہیں ہم میڈیکل کی زبان میں اوسٹیو بلاسٹ کے نام سے جانتے ہیں۔
اللہ کریم نے جہاں ہمیں اپنی ہزار ہا نعمتوں سے نوازا ہے اسطرح ہمارے جسم کے اندر ہڈیوں کے ٹوٹنے اور بننے کے عمل میں توازن قائم رکھ کر ہمیں زندگی بخشی ہے۔ ڈھلتی عمر، ورزش نہ کرنے، متوازن خوراک کی کمی اور عورتوں میں ماہواری بند ہونے کے بعد ہڈیوں کے ٹوٹنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے ہڈیوں کے اس ٹوٹنے کے عمل کو ہم ہڈیوں کا بھر بھرا پن کہتے ہیں۔ ہڈیوں کے اس بھربھرے پن یا خستہ ہونے کی بیماری میں ہڈیوں کو توڑنے والے خلیے یعنی اوسٹیو کلاسٹ اپنا کام تیز کرکے اوسٹیو بلاسٹ جو ہڈیوں کے جوڑنے کے خلیے ہیں ان کے کام کو ضائع کر دیتے ہیں۔ مطلب یہ کہ ہڈیوں کے ٹوٹنے کا عمل تیز اور بننے کا عمل سست ہونے کی وجہ سے ہڈیوں کے بھربھرے پن کا آغاز ہو جاتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں ہڈیاں زیادہ پتلی اور زیادہ کمزور ہوتی چلی جاتی ہیں اور پھر ذرا سے گرنے سے بھی ٹوٹ جاتی ہیں۔ جسم میں ہونے والی کچھ پیدائشی بیماریوں گلے کے گلہڑ کی بیماری، جسم کے اندر ہونے والی کچھ موروثی بیماریوں یا ایسے خواتین و حضرات جو کیلشیم، وٹامن سی، ڈی اور پروٹین کا استعمال کم کرتے ہیں وہ اور خاص طور پر ایسے لوگ جو سٹیرائڈ کا استعمال زیادہ کرتے ہیں ان میں ہڈیوں کا بھربھرا پن ہونے کے چانسز زیادہ نوٹ کئے گئے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں گلی محلوں میں موجود عطائی حضرات اور حتیٰ کہ مستند ڈاکٹر صاحبان بھی اپنے ہر نسخے میں سٹیرائڈ دوا کو دینا لازمی خیال کرتے ہیں کیونکہ سٹیرائیڈ دوا ایک جادوائی اثر رکھنے والی دوا ہے جس کے استعمال سے بخار کے فوراً اُترنے ہڈیوں جسم کے درد کے فوری آرام کا آنا ہی اسکے استعمال کروانے کی وجہ ہے۔ لیکن قارئین آپ کو جان کر یہ تعجب ہو گا کہ میڈیکل کالج میں پڑھائے جانے والے فارماکالوجی کے مضمون میں ادویات کے مضر اثرات کے بارے میں بھی پڑھایا جاتا ہے جس دوا کے مضر اثرات سب سے زیادہ تقریباً لگ بھگ 50 سے زائد لکھے گئے وہ سٹرائیڈ ادویات ہی ہیں ہاں کچھ بیماریوں میں سٹرائیڈ کا استعمال کروایا جاتا ہے۔ سٹیرائیڈ کے بغیر ان خاص قسم کی جسمانی خون کی بیماریوں میں شفا ملنا مشکل ہے۔ مگر اس کے لئے بھی ماہر ڈاکٹر گاہے بگاہے خون کے ٹیسٹ کروا کر ان ادویات کے مضر اثرات کو جان کر ان کی Dose کو ایڈجسٹ کرتے ہیں ان سٹیرائیڈ ادویات کے استعمال سے ایک خاص قسم کی بیماری جسے میڈیکل کی زبان میں کشنگ بیماری کہتے ہیں ہونے کا خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ آج کل اخبارات کے اشتہارات سوکھے پن کو ختم کرکے جسم کو موٹا کرنے سے بھرے ہوتے ہیں۔ ان میں بھی عطائی حضرات سٹیرائیڈ ادویات کا استعمال کرواتے ہیں جن سے چہرہ سرخ موٹا اور جسم پر بھی موٹاپا رونما ہو جاتا ہے۔ لیکن ان ادویات کو تھوک کے حساب سے بیچنے والوں کو کون بتائے کہ یہی سٹیرائیڈ ادویات ہڈیوں کو اندر ہی اندر بھرا بھرا کرکے رکھ دیتے ہیں یعنی ان کے ہڈیوں کے فریکچر ہونے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔ مطالعہ سے پتہ چلا ہے کہ جو لوگ ہڈیوں کی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں جب اُن کے کولہے کی ہڈی ایک مرتبہ ٹوٹ جاتی ہے تو انہیں دوسرے فریکچر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ دوسری مرتبہ کولہے کی ہڈی ہی ٹوٹے یہ فریکچر ریڑھ کی ہڈی یا کلائی کا بھی ہوسکتا ہے۔ فریکچر نہ صرف شدید درد میں مبتلا کرتے ہیں بلکہ بے چینی میں بھی شدید اضافہ کرتے ہیں بعض حالات میں تو کولہے کا فریکچر موت کے امکانات کو بھی بڑھا دیتا ہے۔ ہم اکثر یہ سنتے ہیں کہ ہمارے بزرگ واش روم میں سلپ یعنی گرنے کی وجہ سے کولہے کی ہڈی کو تڑوابیٹھتے ہیں۔ ایسا آخر کیوں ہوتا ہے کیونکہ عمر کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کے بھربھرا پن زیادہ ہو جاتا ہے۔ اب بات کرتے ہیں کہ آخر پھر کس طرح گرنے سے بچا جاسکتا ہے۔ تو ان باتوں کو پلے باندھ لیں کہ ہمیشہ ایسے جوتے پہنئے جو چلنے میں آرام دیں جو چوڑی ایڑی کے ہوں اور جن کے تلے پھسلنے والے نہ ہوں۔ خدارا اونچی ہیل والے جوتوں سے پرہیز کریں اور جب آپ گھر سے باہر ہوں تو ڈھلوان والی جگہ پر چلنے سے گریز کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گھر کے تمام کمرے اور سیڑھیاں اچھی طرح روشن ہوں اور جب آپ کسی کمرے میں داخل ہوں تو آسانی سے روشن کر سکیں۔ ٹھوکر لگنے والی رکاوٹوں جیسے زمین پر گرے بچوں کے کھلونے اخبارات، تاریں وغیرہ کو دور کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لئے اپنے بستر کے نزدیک ایمرجنسی لائٹ رکھیں ویسے بھی میرے دیس میں ماشاء اللہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لائٹ اکثر ہی غائب ہوتی ہے۔ پالش زدہ فرش کو قالین یا پلاسٹک شیشوں سے ڈھک دیں، اپنے نہانے یا شاور کی جگہ پر ربڑ میٹ رکھیں اور خاص طور پر مساجد کے اندر جہاں وضو والی جگہ پر پھسلن ہو وہاں بھی ربڑ میٹ کا اہتمام لازمی کروایا جائے۔ سیڑھیوں اور باتھ روم میں ہاتھ کی ریلنگ لگانے کا جائزہ لیں۔ بعض ادویات جیسے سکون اور نیند آور یا ہائی بلڈ پریشر کے علاج کے لئے استعمال ہونے والی گولیاں سر میں چکر یا یکسوئی میں کمی کا سبب ہوسکتی ہیں ان دوائوں کا استعمال بند تو نہ کریں بس اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں کہ کسی دوسرے مرض کے لئے استعمال کی جانے والی کسی دوا سے آپ کے گرنے کے امکانات تو نہیں۔ ہر چھ ماہ بعد اپنی آنکھوں کا معائنہ کروائیں اور اگر خدانخواستہ آپ کبھی گر جائیں اٹھ نہ سکیں، کھڑے ہونے میں دشواری ہو تو فوراً ایمرجنسی ڈاکٹر کو بلا کر فوری طبی امداد لیجئے۔

UmerAmer
11-26-2014, 03:31 PM
Bohat Khoob
Umda Sharing

~KAYRA~
11-29-2014, 06:41 PM
innna lambaaaaaaaaaaaaaaaaaa
or
vo bhi urduuuuuc::